کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیسے ہوتا ہے اور کیوں ضروری ہے؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور جہاں اس سے 200 سے زیادہ ممالک میں 20 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں وہیں ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 35 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
دنیا بھر کی حکومتوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مختلف طریقوں سے اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے اور عالمی ادارۂ صحت نے جن چیزوں کو اس کوشش میں سب سے اہم قرار دیا ہے ان میں سے ایک اس بیماری کی تشخیص کے لیے زیادہ سے زیادہ افراد کی ٹیسٹنگ کا عمل ہے۔
دنیا میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کا عمل مختلف ممالک میں مختلف رفتار سے جاری ہے۔ امریکہ میں جہاں ابتدا میں اس عمل میں سست رفتاری دکھائی دی وہ اب دنیا میں سب سے متاثرہ ملک بن چکا ہے اور اب وہاں ٹیسٹنگ کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

وہیں جنوبی کوریا اور جرمنی جیسے ممالک نے وبا کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز میں ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جس کا نتیجہ وہاں کم اموات کی صورت میں نکلا ہے۔
پاکستان کی بات کی جائے تو وہاں بھی ابتدا میں بہت کم ٹیسٹ کیے گئے اور 15 اپریل تک اگر دیکھا جائے تو ملکی سطح پر دس لاکھ افراد میں ٹیسٹوں کی شرح 360 کے لگ بھگ تھی۔

Comments